• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائی کورٹ، لاپتہ شہریوں کی بازیابی کیلئے اقدامات کا حکم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لڑکی سمیت 13لاپتہ افرادکی بازیابی کی درخواستوں پر شہریوں کو بازیاب کرانے کے لیئے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لڑکی سمیت 13 لاپتہ افرادکی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ والدہ نے بیان دیا کہ دونوں بیٹے 10 سال سے لاپتہ ہیں۔ وزرات داخلہ نے حلف نامہ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادیا۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ معاذ اور طلحہ وفاقی حکومت کے کسی بھی ادارے کی تحویل میں نہیں ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ وزرات داخلہ سگے بھائیوں کی بازیابی کے لیے ذاتی طور پر اقدامات کرے۔عدالت نے 29 اگست کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ کراچی سے لاپتہ لڑکی مصباح عدالت پہنچ گئی۔ مصباح نے بیان دیا کہ وہ والدین کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر گئی تھی۔ والدین کا لڑکی کو ساتھ لے جانے پر اصرار، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لڑکی خود آپ کے ساتھ نہیں جانا چاہتی تو ہم کیسے حکم دے سکتے ہیں؟ عدالت نے ندیم، فرقان، کامران جمال اور دیگر کی بازیابی کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کچھ کرکے رپورٹس پیش کریں۔ عدالت نے کم سن لڑکی سیما کی بازیابی کے لیے پولیس کو مار ڈرن ڈیوائسز کے استعمال کا حکم دے دیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید