کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تباہ کن کارکردگی کےبعد یہ دعو یٰ کیا جارہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بڑی سرجری کے ذریعے ناکام اور ڈسپلن میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد سرجری کے دعوے ،دعوے کی رہ گئے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم،محمد رضوان،شاہین آفریدی،نسیم شاہ، ابرار احمد پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے تمام کھلاڑیوں کو کلین چٹ مل گئی۔شاہین آفریدی کوٹیسٹ میچ کی نائب کپتانی سے بھی فارغ کردیا گیا ہے اور سعود شکیل کو پہلی بار نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ اوپنر امام الحق کو ڈراپ کردگیا گیا۔ اعلان کردہ 17 میں سے 13 کھلاڑی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دورۂ آسٹریلیا میں شامل تھے۔ محمد ہریرہ ،کامران غلام اور محمد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی تیرہ ماہ بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے۔پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں ہو گا۔سیریز کا دوسرا کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود کیمپ کی نگرانی کریں گے۔جیسن گلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی۔ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔ سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے جو آسٹریلیا کے دورے پر نائب کپتان تھے۔ یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو 21 اگست2024 سے 5 اپریل 2025 تک 9 ٹیسٹ 14 ٹی ٹوئنٹی اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے ہیں۔