کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر توصیف احمد خان اور انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے جنرل سیکریٹری پروفیسر روشن علی سومرو نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں گذشتہ دو ماہ سے تنخواہوں اور پینشن کی عدم ادائیگی اور چھ ماہ سے ہاوس سیلنگ کی عدم ادائیگی پر انتہائی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونیورسٹی میں موجود مالی بدحالی اور انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کا نوٹس لیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ضابطہ خان شنواری یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی معاملات کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان کا ذیادہ تر وقت بیرون ملک دوروں کی نظر ہوا ہے۔ یونیورسٹی کے انتظامی بلاک میں ان کی مسلسل غیر موجودگی میں مسائل کے انبار جمع ہوچکے ہیں۔