لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ میانوالی کے بعد ان کی کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل میانوالی ملک لیاقت علی کو بھی معطل کر دیا گیا ،کرپٹ، نااہل اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 4سپرنٹنڈنٹ جیل اور 2ڈپٹی سپرٹنڈنٹس کے نام بلیک لسٹ میں شامل کر دیئے گئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے نیزہ بازی میں 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا اورارشد ندیم کیلئے 10کروڑ روپے کے خصوصی انعام ، ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں سپورٹس سٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سپر نٹ سنٹرل جیل میانوالی ملک لیاقت علی کو 90دن کے لئے معطل کر کے انکوائری کی جا رہی ہے ۔اس دوران ڈپٹی سپریٹنڈنٹ (ڈویلپمنٹ ) سینٹرل جیل میانوالی سہیل صفدر خان بطور سپریٹنڈنٹ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر 4سپرنٹنڈنٹ جیل اور 2ڈپٹی سپرٹنڈنٹس کے نام بلیک لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں ۔