• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں تجاوزات، ٹریفک نظام درہم برہم، کروڑوں کا ایندھن ضائع

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی کی انتظامیہ کے تمام تر دعووں کے باوجود شہر کی مختلف سڑکوں پر تجاوزات کی بھرمار ہے، جس کے باعث شہر میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے، ٹریفک جام معمول بن گیا ہے اور کروڑوں مالیت کا پٹرول اور ڈیزل جل کر ضائع ہورہا ہے، جو زر مبادلہ پر ایک بڑا بوجھ ہے ، مگر کوئی اس صورت حال کے تدارک کے لیے تیار نہیں، شہر کی کوئی ایسی اہم اور بڑی شارع باقی نہیں بچی، جہاں تجاوزت نہ ہوں،فوڈ اسٹریٹ پرلنڈے کے کپڑے تین ہٹی والی سڑک پرپھلوں کی ریڑھیاں،بزنس ریکارڈرپررکشہ ڈیلرزکاقبضہ ہے، پریڈی اسٹریٹ، دائود پوتا روڈ، راجہ غضنفر علی روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ، شاہراہ عراق اور ایمپریس مارکیٹ پتھاروں کی بھرمار،مگر شہری انتظامیہ کو تمام سڑکیں تجاوزات سے پاک نظر آتی ہیں۔ کمشنرکراچی سید حسن نقوی کے زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلارعایت قانونی کارروائی ہو گی۔ شہر کے مرکز صدر میں میر کرم علی تالپور روڈ پر قائم فوڈ اسٹریٹ پر قبضہ مافیا لنڈا کے کپڑے اور جوتے بیچ رہی ہے تو ایس ایم توفیق روڈ پر تھانہ سپر مارکیٹ کی حدود میں تین ہٹی پل پر اور اس سے آگے ڈاک خانہ اسٹاپ تک آدھی سڑک پر ریڑھیاں کھڑی کرکے دھڑلے سے پھلوں کا کاروبار کیا جارہا ہے۔ صدر میں پریڈی اسٹریٹ، دائود پوتا روڈ، راجہ غضنفر علی روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ، شاہراہ عراق اور ایمپریس مارکیٹ چوک سے سینٹ پیٹرک چرچ تک پتھاروں اور ریڑھیوں کی بھرمار نظر آتی ہے، لیکن تجاوزات ہٹانے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ بزنس رکارڈر روڈ پر رکشہ ڈیلرز ، میکینکس اور اسپیئر پارٹس والے اپنی دکانوں سے نکل کر آدھی سڑک پر کاروبار کررہے ہیں تو ناظم آباد نمبر7سے آگے بورڈ آفس تک پتھارے اور ریڑھیاں لگی رہتی ہیں۔ یونیورسٹی روڈ پر جہاں پہلے ہی بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی وجہ سے ٹریفک جام رہتا ہے، وہیں پرانی سبزی منڈی، حسن اسکوائر، سمامہ شاپنگ سینٹر اور جوہر کمپلیکس سے صفورہ گوٹھ چورنگی تک قائم تجاوزات ٹریفک کی روانی میں مزید خلل ڈالتی ہیں۔ اسی طرح نارتھ کراچی ناگن چورنگی سے فور کے چورنگی تک بھی ریڑھیوں کی طویل قطار ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہے۔ گلستان جوہر میں جوہر موڑ سے جوہر اسکوائر تک اور پہلوان گوٹھ والی سڑک پر بھی بڑی تعداد میں تجاوزات پائی جاتی ہیں۔ شہر کے دیگر 2داخلی اور خارجی راستوں قائد آباد اور بلدیہ ٹائون حب ریور روڈ پر بھی تجاوزات کی بھرمار ہے، مگر شہری انتظامیہ کو سب اچھا نظر آتا ہے جو آئے روز ٹھنڈے دفاتر میں بیٹھ کر صرف اجلاسوں میں ہی متحرک نظر آتی ہے۔ایساہی ایک اجلاس ہفتے کو یہاں کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں آن لائن منعقد ہوا، جس میں کراچی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر۔II سید غضنفر علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید اور دیگر نے شرکت کی۔