• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PP ہمیں پارٹنر سمجھے، متحدہ ہاری تو دونوں کے مخالف جیتیں گے، مصطفیٰ کمال

کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )پاکستان کے سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیں اپنا پارٹنر سمجھے، اگر متحدہ اپنے علاقوں سے ہار گئی تو پیپلز پارٹی اور متحدہ کے مخالفین جیتیں گے، کراچی کے امن میں قانون نافذ کرنے والوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، کراچی میں امن ہے تو اس کی وجہ ایم کیو ایم پاکستان ہے۔وہ اتوار کوقصبہ علیگڑھ ٹاؤن میں قومی شجر کاری مہم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد مارکیٹ کا ٹیکس پورے لاہور سے زیادہ ہے۔ بلوچستان اور کے پی میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ ہے۔ کراچی کے لوگوں نے را کے تسلط کو ختم کروا دیا ہے۔ وفاقی حکومت کو کہتا ہوں آپ سے لڑنا نہیں چاہتے اچھے کام کریں گے تو تعریف کریں گے۔ پیپلز پارٹی کو بتانا چاہتا ہوں جن علاقوں سے ہم جیتے ہیں آپ وہاں سے نہیں جیت سکتے۔ کراچی کے نوجوانوں کے کوٹے پر کوئی اور نوکری کرتا ہے۔ پاکستان بنانے والوں کی اولاد ہیں اس ملک کو بہتر کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی موجودہ قیادت نے صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہا تمام تر شکایتوں اور نا انصافیوں کے باوجود ہم اس پاکستان اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے شجر کاری مہم کی اہم ترین ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لی ہے جس کا مقصد سیمنٹ اور ریت کے جنگل کو ہرے بھرے باغات میں تبدیل کرنا ہے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
اہم خبریں سے مزید