اسلام آ باد (رانا غلام قادر )وفاقی کابینہ نےدو ہزارچوبیس سے دوہزارانتیس کےپانچ سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دیدی۔پروگرام کےتحت مرحلہ وار 24 اداروں کی نجکاری کی جائے گی، 9 بجلی کی تقسیم کار،4پیداواری کمپنیاں ،یوٹیلیٹی اسٹورز، اسٹیٹ لائف انشورنس ،پاکستان ری انشورنس کمپنی شامل ،پی آئی اے ،ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن نجکاری عمل جلد مکمل کیا جائیگا، جائزے کے بعد مزید ادارےبھی نجکاری پروگرام میں شامل کیےجائیں گے۔ حکو متی ذرائع کا کہنا ہے کہ پروگرام کےتحت 3 مراحل میں اداروں کی نجکاری کی جائے گی-پی آئی اے اور ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کانجکاری عمل جلد مکمل کیاجائےگا-ذرائع کے مطابق 9سرکاری بجلی تقسیم کاراور4سرکاری بجلی پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی-پہلےمرحلے میں فیصل آباد، اسلام آباد اورگوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنیوں کی نجکاری ہوگی جبکہ لاہور،ملتان،پشاور،ہزارہ،سکھر اورحیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری دوسرے مرحلے میں ہوگی-ذرائع کا کہنا ہےکہ یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور پاکستان ری انشورنس کمپنی کی نجکاری بھی فہرست میں شامل ہے-ذ رائع کے مطابق کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کےلیےمنظور شدہ اداروں کاجامع تفصیلی نجکاری شیڈول وفاقی کابینہ کو بھیجا جا ئےجس میں فنانشل ایڈوائزر ز کی تقرری سمیت دیگر تقاضے شامل ہیں۔ ذ رائع کے مطابق کابینہ کی نج کاری کمیٹی نے دو اگست 2024 کے اجلاس میں پانچ سالہ نج کاری پروگرام کی منظوری دی تھی ۔ یہ فیصلہ حتمی منظوری اور توثیق کیلئے وفاقی کا بینہ کو بھیجا گیا تھا جس کی کابینہ نے 13اگست کو تو ثیق کی اور حتمی منظوری دی۔