کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا دورہ کرنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اراکین پاکستان میں سلو انٹرنیٹ اسپیڈ سے پریشان ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اسپیڈ کی وجہ سے اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم گذشتہ چار دن سے لاہور میں ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان سے بنگلہ دیشی ٹیم انتظامیہ نے کوئی شکایت نہیں کی ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں کنڈیشنز دیکھ کر مائنڈ بنائیں گے کہ کیا ٹیم کھلانی ہے۔ پریس کانفرنس میں سابق پاکستان ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اسپنرز کا کردار اہم ہوتا ہے ۔
پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز آتے ہیں ، اسپن کنسلٹنٹ بھی ہونا چاہیے۔ ثقلین مشتاق ، عبدالرحمان اور سعید اجمل سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
پی سی بی نے اچھا قدم اٹھایا اور بنگلہ دیش کو جلد بلایا ہے۔ ٹریننگ اچھی جا رہی ہے۔ پی سی بی نے اچھے تعلقات کی مثال قائم کی ہے۔