لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پنجاب حکومت نے بجلی 14روپے فی یونٹ سستی کردی، صوبائی حکومت نے 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے اگست اور ستمبر کے بلز پر فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو شاباش بھی دی اور کہا کہ شہباز شریف بھی ایسا کریں، صوبائی حکومت مختلف شعبوں سے 45ارب روپے کی کٹوتی کرکے عوام کیلئے ریلیف دیگی، سولر پینل اسکیم پر بھی 700ارب خرچ ہونگے، نواز شریف نے کہا مہنگائی کے ذمہ دار ہم نہیں، عمران کے دور سے یہ کام شروع ہوا، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے دیرپا حل کیلئے کام ہورہا ہے، پنجاب میں 14روپے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان احسن اقدام ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہیں جو میرے دور کا بجلی بل 1600 روپے سے 18000 کر گئے، مجھے نکالنے والوں نے ملک پر ظلم کیا،سولر پینل سکیم پر بھی 700ارب خرچ ہونگے،عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے ایک کرب سے گزر رہے ہیں، 21 اکتوبر کی تقریر میں بھی میں نے بجلی کی قیمت پر تفصیل سے گفتگو کی تھی، 2017 میں بجلی کے بل کم آتے تھے، لوگ آسانی سے زندگی گزارتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے زمانے میں دس دس روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں، ہم نے ڈالر کو 4 سال تک 104 روپے کی سطح پر برقرار رکھا تھا، چند ججوں نے بیٹے سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا گیا، میں آج بھی یہی پوچھتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا؟ مجھے نکالنے والوں نے ملک کے ساتھ ظلم اور ایک جُرم کیا تھا۔نوازشریف کا کہنا تھاکہ ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، دوبارہ لانے والے کون ہیں؟ ذمہ دار وہی ہیں جو آج جیل سے بیٹھ کر بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نےریکارڈ مدت میں بجلی کے کارخانے مکمل کر کے بحران پر قابو پایا جن کا بل آج 18 ہزار آرہا ہے انکا بل 2017 میں 1600 روپے آتا تھا، مریم نواز نے آتے ہی آٹے کی قیمت میں کمی کی ہے، بہت محنت کر رہی ہیں، مریم نواز صحت اور صفائی کیلئے بھی خوب محنت کر رہی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ساڑھے 19 فیصد شرح سود پر کون اس ملک میں سرمایہ کاری کرے گا، ہمیں تو آئی ایم ایف کی شرائط نے بالکل جکڑ دیا ہے، کوئی جواب دے گا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟ کیوں ہمارے خلاف سازش کی گئی؟ ناقابل معافی ہیں وہ لوگ جو 1600 کے بل کو 18 ہزار روپے کا کر کے چلے گئے ہیں، مجھ سے عوام کی حالت دیکھی نہیں جارہی۔
نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، 500یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائیگا، پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دینگے۔
ان کا کہنا تھاکہ پنجاب میں سولر پینل اسکیم کیلئے 700 ارب روپے خرچ ہونگے۔
انہوں نے ہدایت کی کہا کہ 200 یونٹ بجلی پروزیراعظم کا دیا جانے والا ریلیف اچھا اقدام ہے، نوازشریف، شہبازشریف بھی بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کریں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے تاریخی ریلیف پیکیج کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ 14روپے کا ریلیف، بلاشبہ نواز شریف اور وزیرِ اعلی پنجاب کا عوام دوست احسن اقدام ہے، نواز شریف کی ہدایت پر قلمدان سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح رکھا،حال ہی میں ہم نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے 50ارب کاٹ کر بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا جس سے 200یونٹ والے صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔