اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ دوبارہ گنتی کیلئے نتائج مرتب ہونے سے پہلے آر او کو درخواست دینا لازم ہے۔درخواست گزار نہیں دکھا سکے کہ بروقت ایسی کوئی درخواست دی ، این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی، گزشتہ روز سپریم کورٹ نے این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے فیصلہ تحریر کیا جس میں کہا گیا کہ دوبارہ گنتی کیلئے نتائج مرتب ہونے سے پہلے ریٹرننگ افسر کو درخواست دینا لازم ہے،فیصلے کے مطابق درخواست گزار نہیں دکھا سکے کہ انہوں نے بروقت ایسی کوئی درخواست دی۔ این اے 97 کا کیس 12 اگست کو تین حلقوں پرسنائے گئے کیس سے مختلف ہے، علی گوہر کی این اے 97میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے تین حلقوں این اے 154، این اے 81اور این اے 79میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی میں دیا گیا فیصلہ بحال کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا ہے کہ این اے 97کا کیس 12 اگست کو تین حلقوں پر سنائے گئے کیس سے مختلف ہے۔