• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، 4 ارب سے سگنلز، منتخب سڑکوں کی بحالی و دیگر کاموں کا آغاز

کراچی (اسد ابن حسن)کراچی،4ارب سے سگنلز کی بحالی، منتخب سڑکوں کی بحالی و دیگر کاموں کا آغاز، جس حساب سے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) گزشتہ دس یوم سے تواتر کے ساتھ بھاری رقوم کے ٹینڈرز کا اجرا کررہی ہے لگتا ہے شہر کی قسمت بدل جائیگی۔ ادارے نے کراچی میں ٹریفک سگنلز کی ابگریڈیشن اور آٹومیشن، مشہور کھجی گراؤنڈ کی بحالی، لیاری / گجرنالہ کنکٹیویٹی، سرجانی کے دو علاقوں اور ڈسٹرکٹ سینٹرل و کورنگی کے 15علاقوں کی سڑکوں کی استرکاری اور ازسر تعمیر اور ڈرینیج سسٹم اور ایک پارک، فٹ بال گراؤنڈ کی بحالی کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلع وسطی کے چار پلوں کے نیچے تزین و آرائش کا کام بھی کیا جائے گا۔ ان ترقیاتی کاموں پر 4 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کئے جائیں گے۔ صرف سگنلز کی مرمت کے حوالے سے تقریبا 35 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اس سے پہلے شہر کی منتخب نالوں کی صفائی کے لیے بھی کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل سے یاسین آباد تک سڑک کی ازسرنو تعمیر اور کورنگی میں واقع چھ سڑکوں کی از سر نو تعمیر و استرکاری، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور کچھ سڑکوں پر موجود ڈرینج سسٹم کی بہتری کے لئے ٹینڈرز کے اجرا کا آغاز کر دیا ہے۔