کراچی ر(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-Aکے مطابق بلدیاتی اداروں کو نچلی سطح تک اختیارات منتقل نہ کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی، پیپلز پارٹی کراچی سے صرف مال بنانا اور کرپشن کرنا جانتی ہے کراچی کے عوام کو کچھ دینا نہیں چاہتی، کراچی سے وصول شدہ ٹیکسوں کی اربوں روپے کی رقم میں سے کراچی پر معمولی رقم بھی خرچ نہیں کی جاتی، سندھ حکومت اور قبضہ میئر نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر کارپوریشن سمیت دیگر اختیارات اور وسائل پر قبضہ کرکے شہر کو تباہ وبرباد کردیا ہے، ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 16سال سے سندھ حکومت میں ہے اور 14سال سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی براہ راست پیپلز پارٹی کے کنٹرول میں ہے، شہر میں کثیر المنزلہ عمارتیں اور غیر قانونی تعمیرات اسی کی پشت پناہی اور سرپرستی میں بن رہی ہیں، گارڈن کے علاقے میں کنویں میں گر کر دو بچوں اور نوجوان کی المناک اموات کے حوالے سے ریسکیو 1122جو سندھ حکومت کے ماتحت ہے کی نااہلی اور ناقص کارکردگی عیاں ہوگئی ہے۔