کراچی (عبدالماجدبھٹی) سابق کپتان اور ماضی کے عظیم کھلاڑی وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست پاکستان کرکٹ کے لئے بڑا دھچکا ہے اور پاکستانی ٹیم دوراہے پر کھڑی ہے۔ بدھ کو ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ کے مسائل کا جلدحل نہ نکل سکا تو شائقین کرکٹ کو مزید مایوسی ہوسکتی ہے ۔ تین چار سال کی مربوط اور بھرپور پلاننگ کرنا ہوگی، ٹیم کو کھڑا کرنا کے لئے فوری حل مشکل ہے۔104 ٹیسٹ میں414 اور356 ون ڈے انٹر نیشنل میں 502 وکٹیں لینے والے وسیم اکرم نے کہا کہ بنگلہ دیش نے مشکل سیاسی حالات کے باوجود پاکستان کا دورہ کیا اور تاریخی جیت حاصل کی۔ ان حالات میں دوسرے ملک جاکر ٹیسٹ کھیلنا اور جیتنا بنگلہ دیشی ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو تین سال سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کرکٹ نیچے جارہی ہے۔ مجھے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اور بنگلہ دیش کی جیت پر کوئی حیرانگی نہیں ہوئی۔پاکستان کی کرکٹ اس لئے تنزلی کا شکار ہے کہ ملک میں کلب کرکٹ نہیں ہورہی۔ اسکولوں اور کالجوں میں بھی کرکٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔