کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومت سندھ نے پونے 13ارب روپے کی لاگت سے 2نئی لائنیں ڈالنے کی منظوری دے دی، جن کا کام ایک سال کے اندرمکمل کرلیں گے، صوبائی حکومت کے رواں بجٹ میں 125 ارب روپے کراچی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کے لئے اور 77 ارب روپے پانی و سیوریج کا انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا ٹی پی تھری پلانٹ آپریشنل کردیا گیا ہے اور 35 ملین گیلن پانی یومیہ صاف کرکے سمندر میں ڈالا جا رہا ہے، یہ قدم آبی حیات محفوظ رکھنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ دنیا بھر میں پانی ری سائیکل کیا جاتا ہے، اب کراچی میں بھی پانی ری سائیکل کرکے قابل استعمال بنایا جائے گا، کراچی، پاکستان کا پہلا شہر ہوگا جہاں سیوریج کا پانی صاف کرکے استعمال میں لایا جاسکے گا،کچھ لوگ اسلامیہ کالج کے علاقے سے باہر نہیں آتے اور جن لوگوں کے دفاتر بہادر آباد اور شارع فیصل پر ہیں، انہیں صرف شارع فیصل نظر آتی ہے۔