کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) یومِ بحریہ 8ستمبر 2024کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ8ستمبر یومِ بحریہ ہماری بحری تاریخ کا ایک یاد گار دن ہے۔ اس دن ہمارے نڈر جوان غیر متزلزل عزم سے سرشار ہو کر بہادری اور بےخوفی کے ساتھ دشمن پر حملہ آور ہوئے۔ یہ دن ان بہادر آفیسرز اور سیلرز کی بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا تا ہے جن کی مثالی بہادری ہماری آنے والی نسلوں کو ہمیشہ ایک راہ دکھاتی رہے گی اور ہماری قوم میں حب الوطنی کی لو جگائے رکھے گی۔ یومِ بحریہ ان غیر معمولی آپریشنز کی یاد دلاتا ہے جو سمندری سرحدوں کے ہمارے محافظوں کی بے مثال جرأت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آپریشن "سومنات" بہادری اور شجاعت کا وہ چمکتا ہوا مینار ہے کہ جہاں پاک بحریہ کے سات بحری جہازوں پر مشتمل ناقابلِ تسخیر بحری بیڑے نے بھارتی بندرگاہ دوارکا پر بے باک حملہ کیا۔ اس دلیرانہ آپریشن نے حساس ساحلی تنصیبات اور اہم ریڈار سٹیشن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا جو کہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں اور دشمن پر کاری ضرب کا عکاس ہے۔ 1965 کی جنگ کے دوران آبدوز غازی دشمن کے لیے ایک ایسی مزاحمتی دیوار ثابت ہوئی جس نے نہ صرف سمندر میں ہماری جنگی بالادستی قائم کی بلکہ دشمن کے لیے مہلک خطرات پیدا کیے جو ناپاک عزائم رکھتا تھا۔