اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سرکاری سکول کی پی ایچ ڈی کیمسٹری کی حامل خاتون ٹیچر گلناز بی بی کو ترقی دینے سے متعلق صوبائی سروس ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی صوبائی حکومت کی اپیل خارج کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی ہے
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس عرفان سادات خان،جسٹس نعیم اختر افغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل چار رکنی بینچ نے جمعہ کے روز صوبائی حکومت کی اپیل کی سماعت کی تو ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل، خیبرپختونخوا نے اپیل منظور کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ خاتون ٹیچر مجاز اتھارٹی سے چھٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ہی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے کوریا چلی گئی تھیں ،جس پر چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیاخاتون نے کس چیز میں پی ایچ ڈی کی ہے ؟ تو انہوںنے بتایا کہ کیمسٹری کے مضمون میں کوریا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے ،جس پر چیف جسٹس نے کہالگتا ہے کہ آپ کو پڑھے لکھے لوگ نہیں چاہییں۔