راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلع میں ڈینگی سے مزید دو ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد رواں سیزن میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔دو نئی ہلاکتوں کے بارے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض ڈینگی وارڈز میں زیر علاج تھےجن کو ڈینگی کے ساتھ دیگر امراض بھی لاحق تھے۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے ایک مریض کا تعلق شکریال راولپنڈی اور دوسرے کا تعلق کہوٹہ سے بتایا گیا ہے۔دونوں ہسپتال میں زیرعلاج تھےجبکہ کلر سیداں کی ایک لڑکی پہلے ہی ڈینگی سے ہلاک ہوچکی ہے۔ ادھر ڈینگی بے قابو ہونے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے انسداد ڈینگی مہم میں شریک تمام ملازمین کی چھٹیاں بند کردیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہسپتالوں میں ڈینگی کے 48کنفرم مریض آئے ہیں جن میں سے32 کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد370ہوگئی ہے۔