بیروت، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک)اسرائیل کے حزب اللہ پر سائبر پلس حملے، لبنان میں منگل اور بد ھ کے روز پیجرز، واکی ٹاکی،اسمارٹ فونز ، لیپ ٹاپ ، ریڈیو ڈیوائسز اور سولر پینلز میں نصب بارودی مواد کے ذریعے سے ہزاروں دھماکوں کے نتیجے میں 32افراد شہید اور 3250زخمی ہوگئے.
سیکڑوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ،بیک وقت بیروت، جنوبی اور مشرقی لبنان سمیت مختلف شہروں میں دھماکوں کی گونج ،مختلف مقامات پر آگ لگ گئی
اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ، سب سے زیادہ دھماکے دارالحکومت بیروت میں ہوئے جہاں 1850افراد زخمی ہوئے ، شہداء میں لبنانی وزیر کا بیٹا بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں حزب اللہ کے متعدد ارکان کیساتھ ساتھ بڑی تعداد میں شہری اور ایرانی سفیر بھی شامل ہیں، زخمیوں میں ایرانی سفیر بھی شامل
حزب اللہ نے حملے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے بدلہ لیں گے ،امریکا نے حملوں میں ملوث ہونے سے انکار کردیا ہے ،روس، ایران ، ترکیہ ،حماس ، حوثیوں اور اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے حملوں کی مذمت کی ہے، روس نے اسے ہائبرڈ وار(ہائبرڈ جنگ ) قرار دیا ہے ۔
حملوں کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مکمل جنگ کا خدشہ اور خطے میں جاری کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے،اسرائیل نے لبنان کیساتھ سرحد پر اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے ، حزب اللہ کے سربراہ صورتحال پر جمعرات کے روز خطاب کریں گے ۔
پیجرز دھماکوں میں سیکڑوں افراد کی آنکھیں شدید متاثر ہوئیں، متعدد کو چہروں ، سینے اور پیٹ پر گہرے زخم آئے جبکہ متعدد افراد ہاتھوں سے معذور بھی ہوئے ہیں ، منگل کے روزلبنان کے علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے زیر استعمال پیجر میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، یہ دھماکے پیجرزمیں نصب بارودی مواد کے ذریعے سے ہوئے جن میں 12افراد شہید اور 2800زخمی ہوئے
بدھ کے روز واکی ٹاکی کے ذریعے سے متعدد دھماکے کئے گئےجس میں20افراد شہید اور450زخمی ہوئے ، ان میں سے دو دھماکے منگل کے وز دھماکوں میں شہید حزب اللہ ارکان کے جنازوں کے دوران ہوئے ۔ حزب اللہ نے حملوں کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے اس کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا ہے ۔
لبنانی سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ حملے ’’بوبی ٹریپ‘‘ کے ذریعے سے کئے گئے ، ڈیوائسز میں بیٹری سے منسلک دھماکا خیز مواد کو تباہ کرنے کیلئے پہلے سے ہی ایسا پروگرام نصب تھا ۔امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ان حملوں میں امریکا کا کوئی کردار نہیں ہے ۔
اسرائیل نے معاملے پر تبصرے سے انکار کردیا ہے۔ ایران نے پیجر دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صیہونی رجیم کی جانب سے دہشتگردی اور اجتماعی قتل عام‘ کی سازش قرار دیدیا ہے
ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان میں کمیونیکیشن ڈیوائس میں دھماکوں کے اسرائیل اور اس کے حواریوں کی جانب سے جنگی اخلاقیات اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے،حماس نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو قیمت چکانی پڑے گی۔