اسلام آباد (فاروق اقدس، عاصم جاید) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آئینی ترمیم کے حوالے کہا ہے کہ فضل الرحمٰن کے کردار پر کچھ کہہ نہیں سکتا اڈیالہ جیل میں قیدی نمبر804 کے بارے میں یہ تاثر موضوع بحث اس وقت بنا جب میڈیا کے اس سوال کے جواب میں کہ آئینی ترامیم کی حمایت کے معاملے میں مولانا فضل الرحمان کے کردار کے بارے میں آپ کیا کہیں گے تو عمران خان نے ناخوشگوار انداز اور تذبذب کے اکتائے ہوئے لہجے میں کہا میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا اگر جمہورت کے ساتھ کھڑے ہیں تو یہ اچھی بات ہے میں اور کیا کہہ سکتا ہوں۔ بعدازاں اسد قیصر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں میڈیا کے نمائندوں نے مولانا فضل الرحمان کی توجہ عمران خان کے طرز گفتگو اور الفاظ کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ آپ اس بارے میں کیا کہیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے غیر سنجیدگی سے کہا کہ اگر وہ میرے کردار پر کوئی بات نہیں کرسکتے تو میں کونسا ان کے کردار پر بات کر رہا ہوں،جب مولانا صاحب سے استفسار کیا گیا کہ اندر کیا معاملات طے پائے ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا پی ٹی آئی والوں نے میرے بہت کھانے کھائے ہیں آج میں ان کا کھانا کھانے آیا تھا۔ ادھر گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 3 امپائروں کو توسیع دینے کیلئے آئینی ترمیم کرنی پڑ رہی ہے حکومت نمبرز پورے کر رہی ہے ، انہوں نے ترمیم لانی ہی لانی ہے۔