کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، جب تک بنیادی سماجی اور معاشی ناانصافیوں کا ازالہ نہیں ہوگا، پرامن دنیا کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، پرامن معاشرے کی تخلیق کیلئے ہر سطح پر باہمی احترام، ہمدردی اور عدم تشدد کو فروغ دینا ضروری ہے۔عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے امن، انصاف جمہوریت اور انسانی وقار کے اصولوں پر پارٹی کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ بلاول ہاوس سے جاری بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ امن صرف تنازعات کا خاتمہ نہیں، بلکہ انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی امن اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے جب ہر فرد کو، اس کے پس منظر یا عقائد سے قطع نظر، انصاف اور عزت کے ساتھ برتاو کیا جائے۔