کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو280رنز سے شکست دے دی، میچ کے ہیرو روی چندرن اشون رہے، انہوں نے مشکل حالات میں پہلی اننگز میں ٹیم کے لیے 113 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسری اننگز میں 6وکٹیں حاصل کیں، انہیں پلیئر آف دی میچ ایوراڈ دیاگیا۔ چنئی ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو جیت کے لیے 515رنز کا مجموعی ہدف ملا تھا، لیکن مخالف ٹیم کے بیٹر دوسری اننگز میں اتوار کو محض234رنز پر ڈھیر ہو گئے، کپتان نظم الحسین شانتو نے 82رنز بنائے، شانتو کے علاوہ کوئی بھی بیٹراچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ شکیب الحسن 25، لٹن داس ایک ، مہدی حسن میراز 8، تسکین احمد 5اور حسن محمود7رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، روی چندرن ایشون نے 6، رویندرا جدیجا نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ یاد رہے کہ پہلے کھیلتے ہوئے بھارتی ٹیم نے روی چندرن اشون کی سنچری، رویندرا جدیجہ اور یشسوی جیسوال کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں376رنز بنائے تھے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں149رنز پر ہی سمٹ گئی تھی۔ دوسری اننگز میں بھارت نے رشبھ پنت اور شبھمن گل کی سنچریوں کی بدولت 4وکٹوں پر287رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ واضح رہے بنگلہ دیش ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا تھا ۔ بھارت نے اس فتح کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں اپنی برتری مضبوط کر لی ہے۔