• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر ہسپتال میں جاری تزئین و آرائش مریضوں کیلئے وبال جان بن گئی،پی ایم اے

ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کی سربراہی میں گزشتہ روز وفد نے ڈپٹی کمشنر ملتان حامد سندھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس دوران وفد نے ڈپٹی کمشنر کو مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نشتر ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری تزئین و آرائش مریضوں اور عملے کیلئے وبال جان بن چکی ہے، پانچ وارڈز تزئین و آرائش مکمل ہونے کے باوجود سامان نہ ہونے کے باعث بند پڑے ہیں جب کہ مریضوں کو دیگر وارڈز میں بھیڑ بکریوں کی طرح منتقل کرنا مجبوری بن چکا ہے، اسی طرح نشتر ہسپتال ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں تزئین و آرائش کا کام نہایت سست روی کا شکار ہے جس پر ڈپٹی کمشنر حامد رضا سندھو نے کہا کہ ایمرجنسی اور آوٹ ڈور کا کام تیس اکتوبر تک مکمل کروا کر فعال کرنے کی کوشش کی جائیگی وفد نے مزید بتایا کہ نشتر ون کی جانب آنے والی سڑک پر تجاوزات کی بھرمار ہے، وہاں فوری سروس روڈ فعال کر کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے، نشتر 2 روٹ کیلئے نشتر ون سے ڈاکٹرز و سٹاف کیلئے ویڈا بس چلائی جائے، اسی طرح شہباز شریف ہسپتال میں ڈاکٹرز اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں عملے کی کمی دور کر کے آئی سی یو کی سہولت فراہم کی جائے جب کہ ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی رہائش گاہوں پر غیر متعلقہ افراد سے غیر قانونی قبضہ واپس لے کر ڈاکٹروں کو رہائش گاہ الاٹ کی جائیں، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ملتان حامد رضا سندھو نے کہا کہ پی ایم اے ملتان کی جانب سے بتائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ملتان سے مزید