کراچی / لاہور (اسٹاف رپورٹر / نیوز ایجنسیز) حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کیخلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، کراچی اور لاہور میں مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی ، کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کی ریلی نکالی گئی ، مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے قریب احتجاج کیا اور امریکی قونصل خانے کے قریب جانے کی کوشش پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں ، پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا ، مائی کلاچی روڈ میدان جنگ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ حزب اللہ حسن نصر اللہ کی اسرائیلی کارروائی میں شہادت کیخلاف کراچی میں نکالی گئی احتجاجی ریلی پر پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے باوجود حامیان مظلومین فلسطین امریکی قونصل خانے کے قریب پہنچ گئے تاہم احتجاجی ریلی کی قیادت نے مظاہرین کو قونصل خانے میں داخلے اور پر تشدد کارروائیوں سے روکنے کی اپیل کی۔
پولیس نے اس موقع پر ایم ٹی خان روڈ پر بعض مشتعل افراد کی جانب سے عمارتوں پر پتھراؤ کے بعد ریلی پر پولیس نے شیلنگ کی ۔ ریلی میں شریک ہزاروں خواتین اور بچے بھی شریک تھے ۔
پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ سے مظاہرین کو روکنے کی کوشش بھی کی گئی ، پولیس کی شیلنگ اور فائرنگ سے خواتین سمیت مظاہرین کی حالت غیر ہو گئی اس موقع پر پولیس نے کئی شرکاہ حامیان مظلومین فلسطین کو گرفتار کر لیا جسکے بعد احتجاجی ریلی کے شرکا نے ایم ٹی خان روڈ پر دھرنا دے دیا اور مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رہے گا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا سید حسن نصر اللہ کی شہادت عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔آج عالم اسلام ایک عظیم مجاہد لیڈر سے محروم ہوگیا۔وہ عالم اسلام کا فخر تھے۔ان کی ساری زندگی مقاومت کے لیے وقف تھی۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سید باقر زیدی نے کہا حسن نصر اللہ نے حزب اللہ کو مضبوط ترین بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لبنان کے عوام کو یک جان و یک آواز بنایا۔فلسطین کاز پر لبنان کے مسلم و غیر مسلموں کی وحدت حسن نصر اللہ کا وہ کارنامہ ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان سے امریکی سفارتخانے کو ختم کیا جائے، امریکی سفیروں کو ملک بدر کیا جائے۔
ریلی سے علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ اصغر شہیدی، علامہ حیدر عباس، علامہ صادق تقوی،علامہ عقیل موسیٰ، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن،ڈاکٹر صابر ابو مریم،آئی ایس کے صدر حیدر مہدی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کی شہادت کوامریکی واسرائیلی دہشتگردی ہے۔
مقررین نے مظلومیں غزہ کی حمایت میں نکالی گئی پرامن ریلی پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سید حسن نصر اللہ مجاہد اسلام اور امت مسلمہ کا فخر تھے۔طاقت و اختیارات کے ناجائز استعمال سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔