کوئٹہ/پنجگور(نمائندہ جنگ)گزشتہ شب پنجگور میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید مزدوروں کی میتیں حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملتان منتقل کردی گئیں،حکومت بلوچستان کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا، واقعے کا زخمی سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل ، مزدور کرائے کے مکان میں رہائش پزیر تھے، وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ضلعی حکام نے مزدوروں کی میتیں سول اسپتال سے پنجگور ہیلی پیڈ منتقل کیں جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے میتوں کو ملتان پہنچایا گیا واقعہ کے ایک زخمی مزدور کو وزیر اعلٰی بلوچستان کی ہدایت پر بہتر علاج معالجے کے لئے کوئٹہ سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔پنجگور سے نامہ نگار کے مطابق مزدوروں کی میتوں کو ڈپٹی کمشنر پنجگور زاہد احمد لانگو ایس پی سید فاضل شاہ کی نگرانی میں علی الصبح ہسپتال سے ایمبولنس کے ذریعے ائیرپورٹ پہنچا یا گیا جہاں سے وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں انہیں ملتان کیلئے روانہ کیا گیا ۔ واضع رہے کہ گزشتہ شپ پنجگور کے علاقے خدابادان کے علاقے میں ایک مکان میں رہائش پزیر مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جاں بحق کیا تھا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے مزدوروں نے پنجگور کے علاقے خدابادان میں ایک گھر اپنی رہائش کیلئے کرایہ پر لیا تھا ۔