• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مختلف آئی ٹی کال سینٹرز کی سخت نگرانی شروع، چھاپے، 5 گرفتار

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گئی ہے اورکراچی شہر میں موجود مختلف آئی ٹی کال سینٹرز کی سخت نگرانی شروع کر دی ہے۔ سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عامر نواز کو ملنے والی خفیہ اطلاعات پر کہ مختلف کال سینٹرز آئی ٹی کمپنیاں کی آڑ لے کر پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور پاکستان آنے والے آمدنی کو ہنڈی حوالے کے ذریعے دوبارہ اپنے اکاؤنٹس میں غیر ممالک بھیج رہے ہیں۔ جس پر دو ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے کراچی کے دو علاقوں، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں قائم دو کال سینٹروں پر چھاپے مار کر پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ دو ایف آئی آر نمبرز 28/24 اور 30/24 درج کر لیں۔ پہلی ایف ائی ار میں نامزد ملزمان میں حسان احمد، مصطفی ریاض، عبدالصمد، ارتضیٗ ریاض، بلال، رضی احمد اور شہریار شامل ہیں۔ مذکورہ ملزمان غیر ممالک میں فون کر کے وہاں کے شہریوں کو سوشل سیکیورٹی کا اہلکار ظاہر کرتے، اور ان کو ان کے لیے گئے قرضے پر شرح سود کو کم کروانے کا لالچ دے کر ان کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کر لیتے اور ہزاروں ڈالر کا فراڈ کر لیتے تھے۔ دوسرے کیس میں تین نامزد ملزمان حارث احمد، شانی کھوکر اور دانیال دو مشہور کریڈٹ کارڈ کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کر کے ملکی اور غیر ملکی افراد کو فون کر کے ان سے کسی نہ کسی طرح کارڈ کی خفیہ معلومات حاصل کرتے اور فراڈ کرتے۔ دونوں کال سینٹرز ایسی ٹیکنالوجیز استعمال کرتے تھے جس سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ کال غیر ملکی نمبر سے کی گئی ہے۔ چھاپے کے دوران بھاری تعداد میں الیکٹرونکس سامان، لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے۔
اہم خبریں سے مزید