کانپور (جنگ نیوز) بھارت کے اوپنر روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے بنگلہ دیشی بولنگ کے پرخچے اڑاتے ہوئےدوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ بنگلہ دیش کو233رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد بھارتی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف3اوورز میں50 رنز بنائے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف26گیندوں پر50رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ بھارت نے10.1اوورز میں100رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ بھی توڑا۔ بھارت نے پہلی اننگز نو وکٹ پر285رنز بناکر ڈیکلیئر کی۔ جیسوال72،روہت شرما23، شبھمن گل39، ویرات کوہلی47اور کے ایل راہول نے 68رنز بنائے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں233رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ مومن الحق نے107رنز اسکور کیے۔ جسپریت بمرا نے تین، محمد سراج، ایشون اور آکاش دیپ نے دو ،دو وکٹ لیے۔ کھیل ختم ہونے پر بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں 26 پر دو وکٹ گنوادیے تھے۔ وہ ابھی 26 رنز کے خسارے میں ہے۔