کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بی آر ٹی لائن کی تعمیرات پر درخت کاٹنے کے خلاف درخواست پر میئر کراچی اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو طلب کرلیا ، درخواست کی سماعت پر سیکریٹری جنگلات و دیگر عدالت میں پیش ہوئے،سیکریٹری محکمہ جنگلات نے رپورٹ پیش کردی اور کہا کہ شہر کے اندر درختوں کی ذمہ داری کے ایم سی کی ہے،محکمہ جنگلات کی حدود شہر کے باہر سے شروع ہوتی ہے،عدالت نے وکیل کے ایم سی سے استفسار کیا کہ آپ نے درخت کیوں نہیں لگائے، گرین سٹی کا پھر تصور کیا ہے ، جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس میں کہا کہ کے ایم سی کی رپورٹ کہاں ہے، کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ بی آر ٹی معاہدے کے تحت ٹھیکدار ایک درخت کاٹنے پر 5 درخت لگائے گا لیکن اب تک ایک بھی درخت نہیں لگایا گیا ، سیپا نے جب این او سی دیا تو شرائط و ضوابط واضح لکھا ہوا تھا ، جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیئے کہ تمام ذمہ داری میئر کراچی کی ہے وہ سربراہ ہیں ، کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ میئر کے بجائے ڈی جی پارکس کو طلب کیا جائے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ٹھیکدار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر نہیں آیا تو ان کو ایکس پارٹی کر دیا جائے گا،عدالت نےسماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔