• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی بی 43 میں سردیوں سے قبل گیس پریشر کا مسئلہ حل کیا جائیگا‘ لیاقت لہڑی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ حکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ، عوام جلد مثبت تبدیلی اور بہتری دیکھیں گے ، پی بی 43 میں سردیوں سے قبل گیس پریشر اور دیگر مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو جوائنٹ روڈ پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد سمیت سوئی گیس کمپنی ، واسا ، کیسکو ، میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ لیاقت لہڑی نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے ، کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے لیکن یہاں مسائل کے انبار ہیں ،جن کے حل کے لئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام پینے کے پانی ، گیس پریشر ، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور صفائی کی صورتحال سے غیرمطمئن ہیں اور اس سلسلے میں انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔
کوئٹہ سے مزید