• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں کاروائیاں

پشاور ( وقائع نگار ) خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا اور مضر صحت خوردونوش اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور مردان ، ملاکنڈ اور خیبر میں مختلف کاروباروں پر چھاپے مارے اور غیر معیاری و مضر صحت مختلف خوراکی اشیاء برآمد کرکے بھاری جرمانے عائد کر دئیے اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی ٹیم نے پشاور کے چارسدہ روڈ پر ایک پاپس بنانے والے یونٹ کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کیمطابق مزید کاروائی کا آغاز کر دیا مزید تفصیلات کیمطابق مردان فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھی خواجہ گنج، تخت بھائی، اور جھنڈی بازار میں چھاپے مار کر دو گوداموں سے 500 کلو غیر معیاری کیچپ اور 40 کلو چائنہ سالٹ برآمد کیا، جنہیں فوری طور پر ضبط کرکے بھاری جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ تخت بھائی میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی جانچ بھی کی گئی۔ دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی، جس پر دوکانداروں پر بھاری جرمانے کیے گئے اور وارننگ جاری کی گئی۔دوسری جانب مالاکنڈ فوڈ سیفٹی ٹیم نے سخاکوٹ میں میں شاہراہ پر ناکہ بندی کی اور چیکنگ کے دوران 200 لیٹر سے زائد غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا، جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع خیبر کے لنڈی کوتل بازار میں موبائل ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے چائے کی پتی، دودھ، مصالحہ جات، گھی، نمک اور کولڈ ڈرنکس کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی چیکنگ کے دوران 40 لیٹر غیر معیاری کوکنگ آئل برآمد کر کے تلف کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو کامیاب کاروائیوں پر داد دیتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے بھی ملاوٹ مافیا کو انتباہ کیا اور کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں ورنہ سخت کارروائی کے لیے تیار رہیں
پشاور سے مزید