کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریزکیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کی بھر پور اور جان دارپر یکٹس جمعرات کو بھی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری رہی۔
سرفراز احمد، نعمان علی، زاہد محمود اور سعود شکیل کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا جو ان کھلاڑیوں نے پاس کرلیا۔
کھلاڑیوں نے 2 کلومیٹر رننگ کا فاصلہ مقرر وقت میں مکمل کیا ، محمد رضوان نے بھی اوور آل فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے ۔ چیمپئنز کپ کا فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ جلد لیا جانے کا امکان ہے۔ ٹیسٹ کلیئر کرنے پر ہی کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم جمعہ کو پہلی پریکٹس میں ملتان کی گرمی کا مقابلہ کرے گی ۔
دوسری جانب پی سی بی نے ٹیسٹ سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ، انگلینڈ کے سابق کپتان ڈیوڈ گاور ، مائیکل ایتھرٹن اور ناصر حسین براڈکاسٹر کے طور پر ایک بار پھر پاکستان آئیں گے ۔
پاکستانی کمنٹیٹرز میں سابق کپتان عامر سہیل اور رمیز راجہ، ٹیسٹ کرکٹر بازید خان اور عروج ممتاز شامل ہیں۔ زینب عباس سیریز کی پریزینٹر کے فرائض انجام دیں گی۔