کراچی( ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں رواں برس لوٹ مار کے دوران اور دیگر وارداتوں میں 471افراد قتل ہوئے، اقدام قتل کے 583، ڈکیتی و راہزنی کے 3ہزار 251 جبکہ گاڑیوں کے چھیننے اور چوری کے 12ہزار 598 واقعات رپورٹ ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر میں 9ماہ کے دوران مختلف واقعات میں 471افراد قتل ہوئے ۔قتل کے سب سے زیادہ واقعات ماہ اپریل میں ہوئے جن کی تعداد 67 ہے جبکہ جنوری میں 51، فروری میں 59، مارچ میں 52،مئی میں 44، جون میں 55، جولائی میں 57 ، اگست میں 46 اور ماہ ستمبر میں 40افراد قتل ہوئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق یکم جنوری سے 30 ستمبر تک شہر میں ڈکیتی و راہزنی کے 3ہزار 251واقعات رپورٹ ہوئے ۔ گھروں میں ڈکیتی و راہزنی کے 221، دکانوں میں ڈکیتی و راہزنی کی 159، پٹرول پمپ پر ڈکیتی و راہزنی کے 3، ہائی وے پر ڈکیتی و راہزنی کے 3 جبکہ ڈکیتی و راہزنی کے دیگر واقعات کے 2 ہزار 865 واقعات رپورٹ ہوئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں برس گاڑیوں کے چھیننے اور چوری کے 12ہزار 598واقعات رپورٹ ہوئے۔ کار چھیننے اور چوری کے 1004، موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کے 11ہزار 329جبکہ گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کے دیگر واقعات کے 265واقعات رپورٹ ہوئے۔