کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزمان نے کراچی کے شہریوں کے نام پر بڑی تعداد میں غیر قانونی سمیں جاری ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
کراچی کے شہریوں کے نام کی سم چمن بارڈر پر غیر ملکی شہریوں کو فروخت کی جاتی ہیں۔ملزمان سادہ لوح شہریوں کا انگوٹھا بائیو میٹرک سےحاصل کرنے کے بعد مختلف کمپنیوں کی سم جاری کرتے تھے۔
شہریوں کے نام پر جاری ہونے والی سمیں ڈکیت گروہ استعمال کرتے ہیں۔ رضویہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو سگے بھائیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
گرفتار ایک ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں ملزم نے بتایا کہ غیر ملکی باشندہ کامران افغانی ایک سم 1200 میں خریدتا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ وہ کامران افغانی نامی شخص کو 400 سمیں دے چکا ہے ۔ملزم کے مطابق وہ شہری کا بائیو میٹرک کرنے کے بعد سم ایشو نہیں کرتے تھے اور شہری کو یہ کہہ کر ٹال دیتے تھے کہ آپ کا بائیومیٹرک نہیں آ رہا۔