• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کے تشدد سے کانسٹیبل شہید، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، حکومت، پی ٹی آئی کو معاشی ترقی ہضم نہیں ہورہی، وزیراعظم

اسلام آباد، پشاور (رانا غلام قادر، ایجنسیاں) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل حمید شاہ شہید ہوگیا،جاں بحق پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار حمید شاہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائینگے.

 وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، پی ٹی آئی نے ہمیشہ تشدد کا راستہ اپنایا ہے، اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں بھی سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ توڑا ، بدامنی کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، وزیراعظم سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اسلام آباد کے تازہ ترین حالات پر بریفنگ دی.

اس موقع پر وزیراعظم نےاسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کوکڑی سزا دینے کی ہدایت کی، ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی گمشدگی سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی، وزیراعلیٰ کے پی کی گمشدگی کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ تک معاملہ پہنچ گیا

 اسی دوران تقریباً 24گھنٹے کے بعد گزشتہ رات وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں ڈرامائی آمد ہوئی ہے، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے، جبکہ ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے وفاق پر لشکر کشی کی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل حمید شاہ شہید ہوگیا۔

پولیس کے مطابق عبدالحمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوگئے تھے جسکے بعد انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔جاں بحق پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پنجاب عثمان انور، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس کے اہلکار کی شہادت پر وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا۔وزیراعظم نے پولیس اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے شاندار کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔ 

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نےکہا پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید