• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کی مقتول ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے ورثا سے تعزیت

عمرکوٹ ( نامہ نگار) قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، جونیئر ذوالفقار علی بھٹو، مقتول ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ تفصیلات کے مطابق جونیئر بھٹو نے ڈاکٹر شاہنواز کے والد، والدہ اور بیوہ سے ملاقات کی، جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ ڈاکٹر شاہنواز کی والدہ اور بیوہ کے روتے وقت جونیئر بھٹو بھی جذباتی ہو گئے، اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس موقع پر جونیئر ذوالفقار علی بھٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ جن پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹر شاہنواز کی سیکیورٹی فراہم کرنی تھی، انہی نے انہیں عجلت میں قتل کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ماورائے عدالت قتل ہے، جس طرح میرے چچا شاہنواز بھٹو کو شہید کیا گیا تھا، اسی طرح ڈاکٹر شاہنواز بھی شہید ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ڈاکٹر شاہنواز کے قاتل پولیس اہلکار ابھی تک آزاد کیوں گھوم رہے ہیں؟ جونیئر بھٹو نے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے پاکستان کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ جونیئر بھٹو نے سندھ حکومت کو یاد دلایا کہ وہ اس معاملے کی تمام تر ذمہ دار ہے اور مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر شاہنواز کی فیملی کی مالی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہنواز کی تنخواہ فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ اس کی فیملی کی کفالت ہو سکے۔ اس کے علاوہ، جونیئر بھٹو نے کہا کہ ڈاکٹر شاہنواز کے خاندان کو پولیس تحقیقات پر تحفظات ہیں، اس لیے اس کیس میں انصاف کو یقینی بنانے کے لیے جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے۔ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس المناک واقعے پر فی الفور ایکشن لے اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلائے۔
ملک بھر سے سے مزید