کراچی (اسٹاف رپورٹر) شان مسعود نے مسلسل خراب بیٹنگ کارکردگی پر ہونے والی تنقید کا جواب شاندار سنچری سے دیا۔شان اور عبداللہ شفیق نے بہترین اسٹروک پلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو ان کے ہی انداز میں بھرپور جواب دیا اور پاکستان کو مضبوط پوزیشن پر پہنچادیا۔ عبداللہ شفیق بنگلہ دیش کے خلاف دونوں ٹیسٹ میں ناکام رہے تھے، انہوں نےدو چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے102 رنز بنائے۔ اوپنر نے انگلینڈ کے خلاف دوسری اور مجموعی طور پر پانچویں سنچری بنائی۔ انہوں نے پچاس اور سو رنز چھکا مارکر مکمل کئے۔ پہلے دن انگلش بولروں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا لیکن بابر اعظم اس پچ پر بھی بڑا اسکور نہ کرسکے۔ وہ دوسری نئی گیند پر 30 رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بنے۔ پیر کو ملتان اسٹیڈیم میں پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نےچار وکٹ پر328رنز بناکر مضبوط پوزیشن حاصل کرلی تھی۔ سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ ہیں۔ شان مسعود کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا لیکن کامیاب ریویو کے بعد وہ بولروں پر حاوی دکھائی دیئے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صائم ایوب صرف 8 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور دونوں بیٹرزنے کھانے کے وقفے سے پہلے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ آخری سیشن کے آغاز میں ہی عبداللہ شفیق نے جیک لیچ کو شاندار چھکا لگاکر اپنے سنچری مکمل کی۔ وہ102 رنز بنا کر ایٹکنسن کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ شان مسعود کو 151 رنز پر جیک لیچ نے آؤٹ کیا۔ شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی ۔ دونوں کے درمیان 253 رنز کی شراکت ہوئی۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن 2 جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پچ پر فاسٹ بولروں کے لئے کوئی مدد نہ تھی اور اسپنرز کو بھی بریک نہ مل سکا البتہ کچھ گیندیں اچانک بریک ہوئیں۔