• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کے تحت سیکڑوں مقامات پراسرائیل کے خلاف احتجاج

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) غزہ پر اسرائیل کی بمباری، حالیہ جارحیت و دہشت گردی کے ایک سال پورے ہونے پرامیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ کی اپیل پر ”ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین“ کے سلسلے میں کراچی میں تقریباً 12بجے دن بیک وقت سیکڑوں مقامات پر شہر کی اہم شاہراؤں اور سڑکوں پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کرکے نہتے و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا، کراچی کے شہریوں، تاجروں، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، علماء کرام، اساتذہ و طلبہ، نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین اپنے دفتروں، دکانوں، تعلیمی اداروں اور گھروں سے نکل کر اور فلسطین کے جھنڈے اُٹھا کر سڑک کے کنارے کھڑے ہوگئے اور امریکا و اسرائیل اور اس کی سرپرستی کرنے والے مغربی ممالک، اقوام متحدہ کی ناکامی و دہرے معیار کے خلاف اور اہل غزہ و حماس کے مجاہدین کے حق میں پُر جوش نعرے لگائے، احتجاج میں شامل خواتین نے مختلف سڑکوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی،امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت پاور ہاؤس چورنگی، نارتھ کراچی میں مرکزی احتجاج کیا گیا،جبکہ نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کے ایم سی بلڈنگ کے سامنے سٹی کونسل کے ارکان کے احتجاج اور سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے احتجاج کی قیادت کی اور خطاب کیا، شہر میں دوپہر کے وقت جگہ جگہ احتجاج کے باوجود ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔ احتجاج کے دوران متعدد مقامات پر کیمپ لگائے گئے، منعم ظفر خان نے پاور ہاؤس چورنگی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی کے 365دن مسلسل مزاحمت ،جدو جہد اور قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اہل غزہ و فلسطین کا لہو پوری امت اور حکمرانوں کو پکار رہا ہے کہ وہ کب جاگیں گے،یہ احتجاج حکمرانوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اُٹھیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید