کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس سے زیادہ المناک بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ آج مظلوم اور بے یارو مدد گار فلسطینی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو اب خواب غفلت سے جاگ جانا چاہئے، بصورت دیگر عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی ذمہ داری ان پر بھی عائد ہوگی جنہوں نے مصلحتوں کے پیش نظر اس اہم اور انتہائی سنگین انسانی مسئلے کو نظر انداز کیا اور اس طرح اسرائیل کو ہر طریقے سے خطے میں اپنی من مانی کی اجازت دی، آج کا دن ہم نے غزہ اور دیگر علاقوں میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے نام کیا اور یہ امر باعث ستائش ہے کہ سٹی کونسل کی خواتین ممبران نے اس موقع پر اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف سراپا احتجاج بنتے ہوئے کے ایم سی صدر دفتر کے باہر فلسطینیوں سے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی، یہ بات انہوں نے پیر کے روز یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر کے ایم سی ہیڈ آفس کے باہر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کی چیف وہپ مسرت نیازی کی قیادت میں ریلی میں شریک خواتین ممبران سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی کو اس موقع پر مسرت نیازی نے فلسطین کا پرچم اور مخصوص فلسطینی مفلر پیش کیا۔