• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر اعلانیہ ڈینگی ایمرجنسی نافذ ،مزید 5 سو سینٹری پٹرول بھرتی کا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبرذرائع کے مطابق ڈینگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث راولپنڈی میں غیر اعلانیہ طور پرڈینگی ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد گیارہ ہوگئی ہے۔انسداد ڈینگی مہم کیلئے مزید پانچ سو سینٹری پٹرول ایک ماہ کیلئے بھرتی کئے جارہے ہیں۔جبکہ ضلعی انتظامیہ نے20ڈینگی ہائی رسک یونین کونسلوں اور علاقوں میں سیاسی و منتخب نمائندوں کو مانیٹرنگ و سپرویژن کے لئے نامزد کردیا ہے۔ قبرستانوں،پارکس،گوداموں اور کباڑخانوں کیلئے بھی نامزدگیاں کی گئی ہیں۔ہر سیاسی نمائندے کے ساتھ اینٹا مالوجسٹ اور سرکاری افسران کوبھی منسلک کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈھوک چراغ دین کا رہائشی ایک شخص بھی ڈینگی کے باعث ہلاک ہوگیا ۔ملک آصف ڈینگی پازیٹیو رپورٹ کے ساتھ سرکاری ہسپتال گیا لیکن انہوں نے داخل کرنے کی بجائے احتیاطی تدابیر اور دوا دے کر گھر بھجوادیا۔جہاں اس کی حالت بگڑ گئی اور دیگر بیماریوں کا شکار ہوگیا جس پر اسے ایک نجی ہسپتال لیجایا گیا اورآپریشن کے باوجود جانبر نہ ہوسکا۔ فوکل پرسن برائے ڈینگی طاہرہ اورنگزیب نے کہاہےکہ لوگوں چاہیے کہ ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو آنے پر مریض کو گھر میں رکھنے کے بجائے ہسپتال لے کر جائیں۔ذرائع کے مطابق ہسپتال والے ڈینگی پھیلنے کے آغاز پر کم مریض ظاہر کرنے کیلئے ڈینگی متاثرین کو داخل کرنے سے گریز کرتے رہے۔دریں اثناءگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 62کنفرم مریضوں کے ساتھ ڈینگی مریضوں کی تعداد1996ہوگئی۔281ڈینگی مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔پوٹھوہار ٹاؤن کے علاقوں چکلالہ،چک جلال الدین،کلیال،ڈھوک منشی،رحمت آباد،مورگاہ،شکریال نارتھ اور ساوتھ،گرجا،کوٹھہ کلاںلکھن،گنگال،دھمیال،لودھراں وغیرہ سے 36مریض آئے۔7راولپنڈی کینٹ،پانچ چکلالہ کینٹ،12میونسپل کارپوریشن،کہوٹہ ایک اور گوجرخان سے ایک مریض آیا۔ادھر وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس میں کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف روزانہ کی بنیاد پر راولپنڈی میں ڈینگی کے صورتحال جائزہ لے رہی ہیں ۔ ڈینگی فوکل پرسن رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے ڈھوک منشی کا دورہ کرکے ویل ہیلتھ کیمپ کا معائنہ کیا۔وہ ڈھوک منشی میں ڈینگی سے متاثرہ مریض کے گھر بھی گئیں اور کیس رسپانس وفاکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔
اسلام آباد سے مزید