• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردوں کیخلاف پاک چین مشترکہ آپریشن کی ضرورت ہے، ضیاء عباس

کراچی( اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ سی پیک مخالف دہشت گردوں کے خلاف پاک چین مشترکہ آپریشن کی ضرورت ہے،کراچی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر حملہ اور اس میں ہونے والی ہلاکت افسوس ناک ہے، جس کے پیچھے بھارت اور افغانستان کے ایجنٹ ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گروں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ چینی اور دیگر غیر ملکی ماہرین اور کارکنوں کی حفاظت کا قابل اعتماد بندوبست کیا جائے۔ ایسے کئی واقعات اب تک رونما ہوچکے جس کا مقصد دنیا میں یہ تاثر قائم کرنا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں، اس سازش کا مقصد ملک کو بدنام کرنے کے علاوہ یہ پیغام دینا ہے کہ یہاں کسی کی جان مال محفوظ نہیں تاکہ ملک میں معاشی بحالی کے جاری عمل کو روکا جاسکے ۔اس سلسلے کوناکام بنانے کیلئے انٹلیجنس نظام کو مزید بہتر بناکر دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ موجودہ ملکی حالات میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج میں افغان باشندوں کی شرکت اور گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ اس جماعت کے پیچھے غیر ملکی ہاتھ ہے اور وہ اسی ایجنڈے پر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچارہی ہے۔