• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ بلوچستان بیوٹمز اور کیمپسز کے اساتذہ کا بھوک ہڑتالی کیمپ جاری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان و بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جامعہ بلوچستان ، بیوٹمز ، سب کیمپسز و ریسرچ سینٹرز سمیت دیگر یونیورسٹیوں کو درپیش مالی و انتظامی بحران کے مستقل حل کیلئے بدھ 9 کو گیارہویں روز بھی کوئٹہ پریس کلب کوئٹہ کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہا ، ڈاکٹر سمیع اللہ اچکزئی ، ڈاکٹر عتیق کاکڑ ، پروفیسر عبدالباقی جتک ، پروفیسر جبل بلوچ ، پروفیسر شمس اللہ نے بھوک ہڑتال میں حصہ لیا ۔ گزشتہ روز بلوچستان کنزیومر سوسائٹی کے چیئرمین خیر محمد شاہین ، آغا محمد ترین ، بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے طیب بلوچ ، جمیل بلوچ اور عمر ریکی و دیگر نے کیمپ کا کا دورہ کرکے اظہار یکجہتی کیا ۔ اس موقع پر خیر محمد شاہین نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ جامعہ بلوچستان ، بیوٹمز کے اساتذہ کرام اور ملازمین تنخواہوں اور پنشنز سے تین ماہ سے محروم ہیں ۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں ، طلبا تنظیموں ، وکلا برادری و سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ جامعات کی فنڈ میں اضافہ کیلئے حکومت پر زور ڈالیں ۔ بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے طیب بلوچ نے کہا کہ ہمارے اساتذہ کرام کو تنخواہوں اور پنشنرز کی عدم ادائیگی کے باعث بھوک ہڑتال پر مجبور کیا گیا طلبا اس مشکل میں اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ ، پروفیسر سہیل انور بلوچ اور فرید خان اچکزئی نے کہا کہ جامعات کو مالی بحران کا مستقل حل نکالے کیلئے پیر 14 اکتوبر کو سہ پہر تین بجے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا ۔
کوئٹہ سے مزید