• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غازی گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈکیت گینگ کے 5 کارندے ہلاک

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس نے مبینہ مقابلوں میں سنگین جرائم میں ملوث ڈکیت گینگ کے 5 کارندوں کو ہلاک کردیا ، جبکہ محتلف کارروائیوں میں لیاری گینگ وار سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کرکے آوان بم، اسلحہ ، موٹر سائیکلیں ،مو بائل فون برآمد کرلیا گیا پولیس کے مطابق غازی گوٹھ میں کارروائی کے دوران ہلاک ملزمان گھروں میں ڈکیتیاں کرنے کے ساتھ خواتین کو زیادتی کا نشانہ بھی بناتے تھے،ملزمان کا تعلق اندرون سندھ کے علاقوں سکھر،شکار پور اور لاڑکانہ سے ہے، ملزمان سے ایس ایم جی رائفل، شاٹ گن،تین پستول، ایمونیشن، کٹر، پانچ موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے ، ایس ایس پی ویسٹ طارق الہیٰ مستوئی نے بتایا کہ ضلع ویسٹ کے مختلف تھانوں کی بھاری نفری موجود حالات کے پیش نظر سرچ آپریشن کے لیے غازی گوٹھ میں موجود تھی کہ شہری نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع دی جس پر فوری کارروائی کی گئی، جب پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں پولیس کی موثر کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو موقع پر اور3زخمی دوران علاج ہلاک ہوگئے ، ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر غلام حسین کورائی کے مطابق ہلاک ہونے والے تین ڈاکوؤں کی شناخت ایاز،صدام اور قلندر بخش کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے،انہوں نے بتایا کہ ملزمان کراچی کے مختلف تھانوں شاہ لطیف،نیو کراچی صنعتی ایریا اور سرجانی میں دو سال سے وارداتیں کرتے تھے، ملزمان کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا ہوا تھا،علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزمان کا گیارہ رکنی گروہ ہے جو وارداتیں کرتا ہے ،دریں اثنا اورنگی میٹرو سینما کے قریب دو مسلح ملزمان نے وہاں سے گزرنے والے پولیس اہلکار سے اس کا اسلحہ اور دیگر اشیاء چھیننے کی کوشش کی جس پر اہلکار شمروز نے اپنے ذاتی لائسنس یافتہ اسلحے سے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ملزم عدنان زخمی ، ساتھی فرار ہو گیا،جمشید کواٹرز پولیس نے مارٹن روڈ پر مبینہ مقابلے میں زخمی اسلم خان ولد نور اور سلمان نور ولد نور الدین کو گرفتار کرکے دو پستول اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمدکرلی ،نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے صدیق آباد قبرستان سیکٹر 6 بی کمہار پاڑہ مین روڈ پر مبینہ مقابلے میں زخمی نعمان عرف نومی ڈیپر ولد اظہار اور سہیل عرف سلی ولد محمد سلیم کو گرفتار کر لیا جبکہ تیسرا ساتھی فرار ہو گیا،ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل ،پستول 30 بور اور موبائل فون برآمد ہوا ہے،ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار بہادر پی ایم ٹی کے بھائی سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر کرکے آوان بم، 2 پستول ،راؤنڈز،1635 گرام چرس، بڑی مقدار میں گٹکا ماوا اور تمباکو ،5 موٹر سائیکلیں اور 6 شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں ،ملزمان کو تھانہ کلاکوٹ، چاکیواڑہ، کھارادر، عیدگاہ اور نبی بخش کی حدود سے گرفتار کیا گیا، شناخت زوہیب عرف مرچی( بھائی بہادر پی ایم ٹی)،جان محمد عرف جانی، شاہد، حارث خان نیازی، زاہد، جہانزیب، اقبال عرف بالا، رئیس،محمد وسیم اور محمد ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے،رینجرز اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گزری سے بھتہ خوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین انتہائی مطلوب ملزمان حمید اللہ عر ف ٹڈا، عبدالرحمٰن عر ف رحمنٰ اور محمد رفیق عرف تھتھا کو گر فتار کر کے اسلحہ ، موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی برآمد کر لیا ،بلال کالونی پولیس نے دورانِ پیٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پرموٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان محمد علی اور صدام حسین کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید