کراچی (اسد ابن حسن)ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان کی ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر کامیاب اپریشن کے بعد ایک مکان پر چھاپا مار کر 18افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے سرکل کے انچارج ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالغفار نے "جنگ" کو بتایا کہ ملتان کے پوش علاقے ماڈل ٹاؤن میں ایک گینگ خود کو بنک اور لاء اینڈ آرڈر کے افسران ظاہر کر کے آن لائن سروسز کی آڑ میں غیر ملکیوں سے فراڈ کر رہا تھا۔ اس کے کارندے انگریزی اور عربی زبان بولنے کے ماہر ہیں۔ اس گینگ کے سربراہ فیصل اقبال اور ارشد بٹ ہیں۔ جس پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا اور پہلے فیصل اقبال کو حراست میں لیا گیا اور اسی کی نشاندہی پر مکان کی اوپر والی منزل پر موجود سترہ افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 93/2024 درج کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے کثیر تعداد میں موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لی گئیں۔