• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

14تا 16 اکتوبر راولپنڈی اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند، ڈائیورشن پلان جاری

اسلام آباد، راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) شنگھائی تعاون کانفرنس کے دوران 14 تا 16 اکتوبر راولپنڈی اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا ، وفاقی دارالحکومت میں ⁠زیر و پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے والی تمام ٹریفک کے لئے بند ہو گی، بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ پر مہمانوں کی آمدورفت کی وجہ سے راولپنڈی میں چوہان چوک سے ایئرپورٹ روڈ پر موومنٹ کے دوران جانے کی اجازت نہ ہو گی ۔ جڑواں شہروں میں ٹریفک پولیس کی 1722 اہلکار فرائض انجام دیں گے ،ٹریفک پلان کے مطابق راولپنڈی میں کل 622ٹریفک افسران و اہلکارواں تعینات ہوں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ کے مطابق کرال جانے والی ٹریفک کو چوہان چوک سے براستہ راول روڈ ، شاہین چوک ، مری روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا ، جھنڈا ٹرن سے عمار چوک جانے والی ٹریفک کو عمار چوک سے جانب سکیم تھری یا جانب کچہری چوک ڈائیورٹ کیا جائے گا۔عمار چوک سے جانب چوہان چوک جانے والی ٹریفک کو آغا ز فلائی اوور رحیم آباد سے جانب رحیم آباد ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ انیکسی چوک سے عمار چوک جانے والی ٹریفک کو براستہ جھنڈا روڈ ( جھنڈا ٹرن ) راشد منہاس روڈ ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ جبکہ مشتاق بیگ شہید روڈ سے ائیر پورٹ روڈ جانے والی ٹریفک کو انیکسی چوک سے جانب کچہری چوک ڈائیورٹ کیا جائے گا اور کچہری چوک سے ائیر پورٹ روڈ جانے والی ٹریفک کو جانب راشد منہاس روڈ مریڑ چوک ڈائیورٹ کیا جائے گا جبکہ مال روڈ سے کچہری چوک جانے والی ٹریفک کو شالیمار چوک سے براستہ سرور روڈ ، پنج سٹر کی ، راشد منہاس روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ سی ٹی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ اسی دوران ہیوی ٹریفک کا داخلہ شہر میں مکمل بند ہو گا اور ہیوی ٹریفک کو موٹروے سے نیچے اترنے بھی نہیں دیا جائے گا ، ہیوی گاڑیوں کے مالکان کو ہدایات دی جاتی ہے کہ وہ ہیوی ٹریفک کی نقل و حمل کو ان دنوں میں مکمل طور بند رکھیں ۔ سی ٹی او نے مزید بتایا کہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ و دیگر سرکاری گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے گا تاکہ کوئی دہشت گرد سرکاری گاڑی کی آڑ میں کوئی کاروائی نہ کر سکے۔ ضلعی انتظامیہ کے ایک اور نوٹیفکیشن کے تحت جی ٹی روڈ سے لاہور اور ٹیکسلا کی طرف سے آنے والی ٹریفک کیلئے ڈائی ورشن لگائی گئی ہے۔لاہورکی طرف سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کیلئےچک بیلی روڈ سے موٹر وے کی طرف موڑ جائے گا۔جو ٹیکسلا براہمہ باہتر سے باہر نکلے گی۔جبکہ ٹیکسلا کی طرف سے آنے والی ٹریفک کو بھی براہمہ باہتر سےموٹروے کی طرف موڑا جائے گا۔جو چکری انٹرچینج اور چک بیلی روڈ استعمال کریں گی۔
اسلام آباد سے مزید