کراچی( ثاقب صغیر /اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے نے ڈیفنس میں واقع غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپہ مار کر غیر ملکی شہریوں کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کا ڈیٹا چوری کرنے میں ملوث 6ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے ڈیفنس فیز فائیو خیابان سحر میں واقع بنگلے میں چھاپہ مار کر 6ملزمان عبدالرحمان باجوہ ،وقار حسین، آرنلڈ السٹر، موسس ایڈوین ،قاسم رضا اور غنی خان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے پانچ دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر غیر قانونی کال سینٹر چلا رہے تھے۔سائبر کرائم حکام کے مطابق ملزمان "اسپوف کالز" کے ذریعے امریکی اور کینڈین شہریوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کا قیمتی ڈیٹا چوری کرتے تھے اور چرائے گئے ڈیٹا کو اپنے غلط مقاصد کے لئیے استعمال کرتے تھے۔حکام کے مطابق ملزمان غیر ملکی شہریوں کا پرسنل ڈیٹا چوری کرکے اور اپنے آپ کو سیکورٹی ایجنسی کا ظاہر کرکے ان سے ان کے کریڈٹ اور ڈیبیٹ کارڈز کی معلومات دھوکہ دیکر حاصل کرتے تھے ۔پھر مرچنٹ اکاؤنٹ میں چارج کرتے تھے اور وہ پیسے کریپٹو کرنسی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرتے تھے۔ملزمان اب تک متعدد غیر ملکیوں سے فراڈ کر چکے ہیں۔رقم کی ہینڈلنگ عبدالرحمان باجوہ،حنیف لاسی اور انس نیازی کرتے تھے۔ایف آئی اے نے 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 31/2024 درج کر لیا ہے اور ملزمان کے مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے ۔