اسلام آباد( نیوز رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) فلسطینی میڈیکل طلبا کا پہلا بیچ پاکستان پہنچ گیا،شہبازشریف کا خیرمقدم،وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے میڈیکل کے طالب علموں کو ان کی تعلیم مکمل کرنے کیلئے ان کابھرپور خیرمقدم کرتاہے۔پیر کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ فلسطین کے طالب علموں کی پاکستان میں موجودگی سے ہمارے عوام کے درمیان یکجہتی کے تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم فلسطین کے عوام کی تعلیم ، صحت اور روشن مستقبل کے لئے ان کے بنیادی حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔قبل ازیں فلسطینی میڈیکل طلبا کا پہلا بیچ پاکستان پہنچ گیا،غزہ ہیلتھ آئوٹ ریچ پروگرام کے تحت فلسطینی طلبا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پہنچے،وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت فلسطینی طلباء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔