• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی عدم موجودگی پر دلچسپ تبصرے

اسلام آباد ( رانا غلام قادر )قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی عدم موجودگی پر دلچسپ تبصرے سننے کو ملے۔ پہلا سوال زبیر خان وزیر کا وزارت داخلہ سے متعلق تھاجس کا جواب نہیں آیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے جواب نہ آنے پر بر ہمی کا ظہار کیا اور وزارت داخلہ کے گیلری میں مو جود افسر سے کہا کہ واپس جائیں اور سیکرٹری داخلہ سے کہیں کہ جواب لے کر خود آئیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی عدم موجودگی میں ان کے سوالوں کے جوابات وزیر اطلا عات عطا ء اللہ تارڑ نے دیے۔ پیپلز پارٹی کے ایم این اے نے وزیرداخلہ کی عدم موجودگی پر دلچسپ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے سپیکر سے کہا کہ میری معصومانہ خواہش ہے کہ ایک بار وزیر داخلہ محسن نقوی کو یہاں دیکھ لوں۔میں چاہتا ہوں وہ آئیں اور آ کے سوالات کے جوابات بھی دیں۔وہ تو خیر سے ماشاءاللہ کسی کمیٹی میں بھی نہیں آتے۔ آپ کا زور بھی سیکرٹری پر چلتا ہے کبھی ان کو بھی بلائیں۔ ہم ربڑ اسٹیمپ نہیں ہیں۔ آغا رفیع اللہ سے سپیکر نے کہا کہ میں ان کو بلوا لوں گا اور آپ سے ملوابھی دوںگا۔ پیپلز پارٹی کے ایم این اے سردار نبیل گبول نے کہا کہ میں داخلہ کمیٹی کا رکن بھی ہوں۔ اجلاس میں وزیر داخلہ صاحب تو آتے نہیں ہیں۔ وزیر اعظم کو چاہیے کہ داخلہ سے متعلق کوئی پارلیمانی سیکرٹری بنادیں یا وزیر مملکت بنا دیں۔

اہم خبریں سے مزید