• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلا دیش، عدالت کا شیخ حسینہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

ڈھاکہ (جنگ نیوز):بنگلہ دیش کی عدالت نے معزول وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 18نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ایک اور عدالت نے سابق آرمی چیف جنرل عزیز احمد اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی، آخری معلومات کے مطابق وہ نئی دہلی کے قریب ایک فوجی ایئربیس پر مقیم ہیں، عبوری حکومت ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر چکی ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کے چیف پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو گرفتار کرنے اور 18نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ 77سالہ شیخ حسینہ واجد کو ملک سے فرار ہونے کے بعد سے عوام میں نہیں دیکھا گیا اور آخری معلومات کے مطابق وہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے قریب ایک فوجی ایئربیس پر مقیم ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی عبوری حکومت ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر چکی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ حوالگی کا معاہدہ موجود ہے جس کے تحت شیخ حسینہ واجد کو مقدمے کا سامنا کرنے کے بنگلہ دیشی حکام کے حوالے کیا جا سکتا ہے تاہم معاہدے کی ایک شق کے مطابق سیاسی مقدمات کی صورت میں حوالگی سے انکار بھی کیا جا سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید