پشاور(وقائع نگار) پشاور میں ماڈل قبرستانوں اور جنازہ گاہوں کی تعمیر کا فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پشاور میں ماڈل قبرستان اور ماڈل جنازہ گاہوں کی تعمیر اور مقامات کی نشان دہی کے لیے پشاور کے تمام سات تحصیلوں کے تحصیل داروں کو احکامات جاری کردیئے،اس تناظر میں کمشنر پشاور ریاض خان محسود کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ہاشم راؤ سمیت پشاور کے تمام تحصیل داروں نے شرکت کی ،اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کی تحصیل سٹی، تحصیل شاہ عالم، تحصیل متھرا، تحصیل چمکنی، تحصیل صدر، تحصیل بڈھ بیر اور تحصیل متنی میں ماڈل قبرستانوں اور ماڈل جنازہ گاہوں کی تعمیر کے لیے علاقے کا سروے کرنے اور 72 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ،ان علاقوں میں موزوں مقامات پر ماڈل قبرستان اور ماڈل جنازہ گاہیں تعمیر کی جائیں گی جنازہ گاہوں میں عوام کے لئے تمام سہولیات دستیاب ہونگی اور جدید فرش بندی کے ساتھ ساتھ بجلی، پانی اور دیگر سہولیات میسر ہونگی اس کے ساتھ ساتھ ماڈل قبرستانوں میں بھی جدید طرز پر زیادہ سے زیادہ مردے دفنانے کی سہولت کے ساتھ ساتھ قبروں کی کھدائی، دیکھ بھال اور صفائی کے لئے عملہ تعینات ہوگا قبروں کے درمیان خالی جگہوں پر پودے لگائے جائیں گے ۔