کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ اسپن وکٹ کا فائدہ اٹھا کر انگلینڈ کو دونوں میچز میں شکست دی۔ پیر کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی جیت کے ہیرو سعود شکیل نے کہا کہ سیریز میں ایک نئی اسپرٹ تھی، کچھ لڑکوں کا کم بیک تھا، کچھ لڑکے نئے کھیل رہے تھے، نعمان علی ، ساجد خان اور کامران غلام نے اچھا پرفارم کیا، کامران غلام نے مشکل وکٹ پراسکور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹرائیک تبدیل کرنا میری اسٹرینتھ ہے، میں نے اور نعمان نے طے کیا تھا کہ دس، دس رنز کی پارٹنرشپ لیکر چلیں گے، میری اننگز میں ساجد خان اور نعمان علی کی بیٹنگ بہت اہم ہے ۔ سعود شکیل نے کہا کہ میرے لئے ہر وہ اننگز اہم ہوتی ہے جس میں پاکستان جیت جائے۔ میں بیس سے تیس رنز بناؤں اور پاکستان میچ جیت جائے تو مجھے خوشی ہوتی ہے، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں دو سو رنز کیے تھے، وہاں کی پچ کی کنڈیشن پنڈی جیسے تھی ۔ جنوبی افریقا میں ایسی کارکردگی دہرانے کی کوشش کروں گا۔