کراچی ( اسٹاف رپورٹر) لائیو اسٹاک سندھ کے تحفظ اور ترقی کیلئے آئندہ 20سال کا منصوبہ جلد سندھ کابینہ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم نے 20 سالہ پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ، سید نجمی عالم کی جانب سے خصوصی دعوت پر سندھ فارمرز کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔ سید سردار شاہ نے اس پلان پر عارضی تجاویز بھی دیں اور صوبائی مشیر کو تحریری طور پر اپنی مکمل تجاویز دینے کا وعدہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالمنان کھوکھر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وژن 2045 کے تحت قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی پروگرام کے تحت محکمہ لائیو سٹاک تمام جانوروں کے چار گنا زیادہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ تاہم جنوری 2025 سے سندھ میں پہلی بار جعنٹری ٹیسٹنگ پروگرام شروع کیا جانا ہے اور لائیو سٹاک ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ ساتھ ٹیگنگ سسٹم بھی نافذ کیا جائے گا۔